سعودی عرب سے پاکستانی حجاج کرام کی وطن واپسی کے لیے بعداز حج آپریشن(Hajj Operation) کا باقاعدہ آغاز ہو گیا ہے۔
نجی ٹی وی کے مطابق پہلی پرواز 165 حجاج کرام کو لے کر اسلام آباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ پہنچی، جہاں ان کا شاندار استقبال کیا گیا۔
ایئرپورٹ پر چیف آپریٹنگ آفیسر آفتاب گیلانی سمیت ایئرپورٹ منیجر اور اے ایس ایف حکام نے حجاج کو خوش آمدید کہا اور پھولوں سے استقبال کیا۔
حکام کے مطابق حجاج کرام کی سہولت کے لیے اسلام آباد ایئرپورٹ پر خصوصی انتظامات کیے گئے ہیں تاکہ امیگریشن اور دیگر مراحل آسانی سے مکمل کیے جا سکیں۔
مزیدپڑھیں:محرم الحرام کے چاند سے متعلق پیشگوئی، 17 جون کو نئے اسلامی سال کے آغاز کا امکان
شیڈول کے مطابق حج آپریشن کا دوسرا مرحلہ 30 جون تک جاری رہے گا، جس دوران ہزاروں پاکستانی حجاج وطن واپس پہنچیں گے۔
یکم جون کو مختلف شہروں کے لیے مجموعی طور پر متعدد پروازیں آپریٹ کی جائیں گی، جن میں اسلام آباد، کراچی، لاہور، ملتان، سیالکوٹ، فیصل آباد اور کوئٹہ شامل ہیں۔
سرکاری اعداد و شمار کے مطابق سرکاری حج اسکیم کے تحت تقریباً ایک لاکھ 19 ہزار حجاج کرام کو 471 پروازوں کے ذریعے پاکستان واپس لایا جائے گا، جس میں مختلف ملکی اور غیر ملکی ایئرلائنز حصہ لے رہی ہیں۔









