بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

اداروں کیخلاف اکسانے کا معاملہ، شہباز گل عدالت میں پیش، آڈیو میچ کر گئی

اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک) اداروں کے خلاف اکسانے کے مقدمے میں گرفتار  پاکستان تحریک انصاف کے رہنما شہباز گل کو دو روزہ جسمانی ریمانڈ کے بعد عدالت میں پیش کر دیا گیا۔

شہباز گل کو ڈیوٹی مجسٹریٹ عمر شبیر کی عدالت میں پیش کیا گیا۔

عدالت نے غیر ضروری افراد کو کمرہ عدالت سے باہر نکلنے کی ہدایت کرتے ہوئے قانونی ٹیم کو شہباز گِل سے ملاقات کی اجازت دے دی۔ وکلا کی درخواست پر شہباز گِل کی ہتھکڑی کھول دی گئی۔

فیصل چوہدری نے پی ٹی آئی رہنماؤں کو کمرہ عدالت سے باہر جانے کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ جج صاحب آگئے ہیں، کمرہ عدالت میں خاموشی اختیار کریں۔

نجی ٹی وی کے پروگرام  اور شہباز گل کی آڈیو میچ کر گئی ہے: تفتیشی افسر

شہباز گِل نے کمرہ عدالت پہنچتے ہی پی ٹی آئی رہنما علی نواز اعوان کے کان میں سرگوشی کی جبکہ پولیس نے شہباز گل کے مزید جسمانی ریمانڈ کی استدعا کر دی۔

تفتیشی افسر نے عدالت میں بیان دیا کہ نجی ٹی وی کے پروگرام کی سی ڈی لی ہے اور شہباز گل کی آڈیو میچ کر گئی ہے، ایک موبائل ان کی گاڑی میں رہ گیا تھا اور دوسرا ان کے پاس تھا۔

شدید تشدد کا نشانہ بنایا گیا، شہباز گل نے کمرہ عدالت میں قمیض اٹھا کر دکھا دی

شہباز گِل نے عدالت میں بیان دیتے ہوئے کہا کہ چار بجے کا وقت تھا اس وقت کوئی موبائل نہیں چل رہا تھا کیونکہ سگنل نہیں تھے۔

پی ٹی آئی رہنما نے کہا کہ جسمانی چیک اپ نہیں کیا گیا اور وکلا سے ملنے نہیں دیا جا رہا، جیل میں ساری رات مجھے جگائے رکھا گیا۔

شہباز گِل نے قمیض اٹھا کر عدالت کو اپنی کمر دکھائی اور کہا کہ مجھے شدید تشدد کا نشانہ بنایا گیا ہے اور میڈیکل نہیں ہوا، میرا فرضی میڈیکل اپنی مرضی سے بنایا گیا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ سوچ بھی نہیں سکتا کہ افواجِ پاکستان کے بارے میں ایسی بات کروں، میں پروفیسر ہوں مجرم نہیں ہوں، مجھے تھانہ کوہسار میں نہیں رکھا گیا۔

رہنما تحریک انصاف کا کہنا تھا مجھ سے پوچھا جاتا ہے سابق وزیراعظم عمران خان کھاتے کیا ہیں، میں وفاقی کابینہ کا ممبر رہا ہوں۔

قبل ازین عدالت اسلام آباد پولیس نے پی ٹی آئی کارکنان کو عدالت کی طرف جانے سے روک دیا،  اس موقع پر پی ٹی آئی کارکنان کے عدالت کے باہر ن لیگ کے خلاف نعرے بازی بھی کی۔

یاد رہے کہ تین روز قبل شہباز گل کو اداروں کے خلاف اشتعال انگیز بیانات دینے اور ان کے سربراہوں کے خلاف بغاوت پر اکسانے کے الزام میں گرفتار کیا گیا تھا۔