بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

پولیس کی بدتمیزی ، سنوکر چیمپیئن مشیر کھیل کے گلے لگ کر رو پڑے

لاہور: سنوکر ورلڈ چیمپیئن احسن رمضان پولیس کی جانب سے بدتمیزی کے واقعہ پر صوبائی مشیر کھیل وہاب ریاض کے گلے لگ کر رو پڑے۔

تفصیلات کے مطابق سنوکر ورلڈ چیمپیئن کے ساتھ لاہور پولیس کی جانب سے بدتمیزی کے واقعہ کے بعد مشیر کھیل پنجاب وہاب ریاض، صوبائی وزیر اطلاعات عامر میر، سی سی پی او لاہور بلال صدیق کمیانہ اور کمشنر لاہور علی رندھاوا نے احسن رمضان کے گھر جا کر ان سے ملاقات کی ۔

ملاقات کے دوران احسن رمضان مشیر کھیل وہاب ریاض کے گلے لگ کر رو پڑے اور ان سے کہا کہ سر میرے ساتھ پولیس نے بہت زیادتی کی جس کے جواب میں پنجاب حکومت کے اعلیٰ حکام نے الٹا قومی ہیرو پر چڑھائی کردی ۔

صوبائی وزراء کا کہنا تھا کہ حکومت نے انرجی بچت کیلئے مارکیٹیں رات 10 بجے بند کرنے کا حکم دے رکھا ہے، ہم کسی کو رات 10 بجے کے بعد سنوکر کلب کھولنے کی اجازت نہیں دے سکتے۔

صوبائی وزراء کے موقف پر احسن رمضان نے سوال کیا کہ پھر مجھے بتائیں میں کہاں اور کیسے ٹرینینگ کروں؟، جس پر کمشنر لاہور نے ان سے وعدہ کیا کہ آپ کیلئے ایل ڈی اے سپورٹس کمپلیکس میں اعلی معیار کی ٹیبل لگا دیتے ہیں۔

احسن رمضان نے سوال کیا کہ اگر بابر اعظم رات 10 بجے کے بعد قذافی اسٹیڈیم میں ٹریننگ کر رہا ہو تو لائٹس آف کر دی جائیں گی؟، جس پر مشیر کھیل وہاب ریاض نے جواب دیا کہ کرکٹ کمیپ پوری پلاننگ کے ساتھ لگتے ہیں۔

اس موقع پر صوبائی وزیر اطلاعات عامر میر کا کہنا تھا کہ پولیس کی بد سلوکی پر انکوائری کمیٹی بنا دی ہے جو دو دن میں رپورٹ پیش کرے گی جبکہ سی سی پی او نے جواب دیا کہ ہم حکومت کے حکم کے پابند ہیں۔

ملاقات کے اختتام پر احسن رمضان کو کل کمشنر لاہور نے اپنے دفتر آنے کی دعوت دے دی۔