کراچی(شوبز ڈیسک)پاکستان شوبر انڈسٹری کے اداکار احسن محسن اکرام حالیہ بارشوں کے بعد نکاسیٔ آب کی صورتِ حال پر سندھ حکومت پر برس پڑے۔
اداکار احسن محسن اکرام نے فوٹو اینڈ ویڈیو شیئرنگ ایپ انسٹا گرام پر اسٹوری شیئر کرتے ہوئے حکومتِ سندھ سے سوال کیا ہے کہ کراچی کے نالوں کی صفائی کے لیے ملنے والے 34 بلین روپے کہاں گئے؟

انہوں نے شہرِ قائد کی حالتِ زار پر مایوسی اور افسوس کرتے ہوئے کہا ہے کہ بارشوں کا موسم خوشیاں منانے کا ایک موقع ہوتا ہے لیکن حکومت کی نااہلی اور کرپشن کے باعث کراچی کے کڑوروں باسیوں کے لیے یہ خوش گوار موسم باعثِ زحمت بن گیا ہے۔
انہوں نے مزید کہا ہے کہ پاکستان کا معاشی حب کراچی سب سے زیادہ ٹیکس ادا کرتا ہے اس کے باوجود یہاں یہ صورتِ حال ہے کہ مون سون کے پہلے ہی اسپیل میں شہر سیلاب کی نظر ہو گیا۔
واضح رہے کہ کراچی میں پیر کی دوپہر کے بعد سے بارش نہیں ہوئی لیکن بارش کے پانی سے ڈوبنے والے کچھ علاقوں سے پانی اب تک نہیں نکالا جا سکا ہے۔
دوسری جانب محکمۂ موسمیات نے شہر میں مزید بارشوں کی پیش گوئی کی ہے۔
محکمۂ موسمیات کا کہنا ہے کہ 14 جولائى سے مزید بارش ہو گی، کم ہوا کا دباؤ سندھ میں شدت کے ساتھ داخل ہو گا۔
محکمۂ موسمیات کے مطابق 14 سے 17 جولائى تک کراچى، حيدر آباد، بدين، ٹھٹہ، دادو، تھر پارکر، سانگھڑ اور دیگر شہروں میں گرج چمک کے ساتھ تیز بارش کا امکان ہے۔









