صومالیہ کے قریب بحری قزاقوں (Pirates)نے ’اونر 25‘ نامی ایک آئل ٹینکر پر قبضہ کر لیا، اس جہاز میں 11 افراد پر مشتمل پاکستانی کریو بھی موجود ہے، جن میں سے ایک مغوی کی آڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہو رہی ہے۔
سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی آڈیو میں کراچی سے تعلق رکھنے والے مغوی امین بن شمس کی جانب سے اپنے والد کو بھیجا ہوا وائس نوٹ سنا جا سکتا ہے۔
مغوی نے اپنے والد کو وائس نوٹ میں بتایا ہے کہ ابو ہم لوگوں کو بحری قزاقوں نے پکڑ لیا ہے، یہ میرا آخری وائس میسج ہے، کیا پتہ اب میں آپ سے بات نہ کر پاؤں کیونکہ یہ ہمیں مارنے کے لیے لے کر جا رہے ہیں۔
امین بن شمس نے روتے ہوئے کہا ہے کہ مجھ سے جو بھی غلطی ہوئی ہو مجھے معاف کر دیجیے گا اور میرے لیے دعا کیجیے گا۔
مغوی نے یہ بھی کہا ہے کہ عائشہ (اہلیہ) اور بچوں کا خیال رکھیے گا، اپنا دل مضبوط کر لیجیے گا، خدا حافظ۔
مزیدپڑھیں:امریکا کے ایرانی جہازوں کو قبضے میں لینے پر ایران کا اقوامِ متحدہ سے احتجاج
امین بن شمس کے والد نے نجی نیوز چینل سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہمارا ایک ہی بچہ ہے اور ہم نے اسے روزگار کے لیے بھیجا تھا، وہ ہمارا اکلوتا بیٹا ہے، پہلی بار گیا اور اس کے ساتھ یہ ہو گیا، حکومتِ پاکستان سے اپیل ہے کہ کسی طرح ہمارے بچے کو صحیح سلامت واپس لے آئیں۔
مغوی کی اہلیہ عائشہ نے کہا ہے کہ میرے شوہر نے یہی بتایا ہے کہ ہوائی فائرنگ کر کے ہمیں ڈرایا جا رہا ہے اور ہمیں مارنے کے لیے لے جایا جا رہا ہے، جس بچے سے میں ابھی تک ملا نہیں، مجھے نہیں لگتا اب اس سے کبھی مل پاؤں گا۔









