بانی: عبداللہ بٹ      ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

بانی: عبداللہ بٹ

ایڈیٹرانچیف : عاقل جمال بٹ

وزیراعظم نے برآمدات میں اضافے کے لیے ٹی ڈی اے پی کو جدید بنانے کی منظوری دے دی

اسلام آباد: وزیراعظم محمد شہباز شریف نے پاکستانی برآمدات کے فروغ، مقامی مصنوعات کی عالمی منڈیوں تک رسائی میں اضافے اور چھوٹے و درمیانے درجے کے کاروبار سمیت ملکی صنعتوں کو بین الاقوامی برآمدی معیار سے ہم آہنگ کرنے کے لیے ٹریڈ ڈویلپمنٹ اتھارٹی آف پاکستان (TDAP) کو جدید خطوط پر استوار کرنے کی منظوری دے دی۔ وزیراعظم نے ادارے میں شفافیت، میرٹ، کارکردگی اور مالیاتی نظم و ضبط کو یقینی بنانے کے لیے جامع اصلاحات کی ہدایت کی ہے۔

Pak-China Friendship Hospital Islamabad - Ministry of Information and Broadcasting

وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت اسلام آباد میں ٹی ڈی اے پی کی کارکردگی اور ادارہ جاتی اصلاحات کے حوالے سے اعلیٰ سطح کا جائزہ اجلاس منعقد ہوا، جس میں ادارے کے موجودہ نظام، کارکردگی، انتظامی ڈھانچے اور درپیش چیلنجز کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں ٹی ڈی اے پی کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ عالمی معیار کے تجارتی فروغ کے ادارے میں تبدیل کرنے کے لیے مختلف اصلاحاتی تجاویز پیش کی گئیں۔

Pak-China Friendship Hospital Islamabad - Ministry of Information and Broadcasting

اجلاس کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا گیا کہ عالمی سطح پر مؤثر ٹریڈ پروموشن آرگنائزیشنز مقامی منڈیوں کی ترقی، عالمی منڈیوں تک رسائی، برآمد کنندگان کی استعداد میں اضافے اور ملکی مصنوعات کی بین الاقوامی سطح پر تشہیر کے لیے مربوط خدمات فراہم کرتی ہیں۔ اس تناظر میں ٹی ڈی اے پی کے ادارہ جاتی ڈھانچے اور عملی نظام میں تبدیلیاں ناگزیر ہیں تاکہ پاکستان کی برآمدی صلاحیت سے بھرپور استفادہ کیا جا سکے۔

Pak-China Friendship Hospital Islamabad - Ministry of Information and Broadcasting

بریفنگ میں ٹی ڈی اے پی کے دائرہ کار کو آٹھ بنیادی افعال تک محدود کرنے، بورڈ اور انتظامی ڈھانچے کی تنظیمِ نو، علاقائی نیٹ ورک کو مؤثر بنانے اور ادارے میں ڈیجیٹل پلیٹ فارمز اور مصنوعی ذہانت کے استعمال کو فروغ دینے کی تجاویز پیش کی گئیں۔ اس کے علاوہ ادارے کی کارکردگی جانچنے کے لیے قابلِ پیمائش اشاریے متعارف کرانے اور آزادانہ تھرڈ پارٹی جائزے کا نظام قائم کرنے کی تجویز بھی دی گئی۔

Pak-China Friendship Hospital Islamabad - Ministry of Information and Broadcasting

اجلاس میں مجوزہ اصلاحات پر عملدرآمد کے لیے منظوری، ڈیزائن، نفاذ اور آزادانہ جانچ پر مشتمل 12 ماہ کا مرحلہ وار منصوبہ بھی پیش کیا گیا۔ وزیراعظم شہباز شریف نے اصلاحاتی عمل کو آئندہ برس کے وسط تک مکمل کرکے اس کا عملی اطلاق یقینی بنانے کی ہدایت کی۔

Pak-China Friendship Hospital Islamabad - Ministry of Information and Broadcasting

وزیراعظم نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستانی مصنوعات کی عالمی منڈیوں تک رسائی برآمدات میں اضافے کے لیے کلیدی اہمیت رکھتی ہے۔ ٹی ڈی اے پی کو جدید خطوط پر استوار کرنے سے ملکی صنعتوں اور برآمد کنندگان کو عالمی تجارتی مواقع سے فائدہ اٹھانے میں مدد ملے گی۔

مزیدپڑھیں:خیبرپختونخوا میں ’پلیسر گولڈ‘ کی غیر قانونی مائننگ کب سے اور کہاں کہاں ہورہی ہے؟

انہوں نے کہا کہ پاکستان کی برآمدی استعداد وسیع ہے اور ملک کا جغرافیائی محل وقوع بھی تجارت کے فروغ کے لیے موزوں ہے۔ حکومت برآمدات میں اضافے کے لیے صنعتوں اور چھوٹے و درمیانے درجے کے کاروبار کو سہولتیں فراہم کر رہی ہے تاکہ ملکی مصنوعات کو عالمی منڈیوں میں زیادہ مؤثر انداز میں متعارف کرایا جا سکے۔

وزیراعظم نے زرعی مصنوعات کی برآمدات کے حوالے سے ہدایت کی کہ اس شعبے کے لیے ایک مکمل ایکو سسٹم تشکیل دیا جائے، جس میں پوری ویلیو چین شامل ہو۔ انہوں نے کہا کہ زرعی پیداوار کی تیاری، معیار، پراسیسنگ اور عالمی منڈیوں تک رسائی کے مربوط نظام سے پاکستان کی برآمدات میں اضافہ ممکن بنایا جا سکتا ہے۔

شہباز شریف نے ٹی ڈی اے پی میں افرادی قوت کی بھرتی کے حوالے سے شفافیت اور میرٹ کو یقینی بنانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ ادارے میں اچھی تربیت یافتہ اور باصلاحیت افرادی قوت کو شامل کیا جائے۔ ان کا کہنا تھا کہ ادارہ جاتی اصلاحات اسی وقت مؤثر ثابت ہوں گی جب ترقی اور پیشہ ورانہ کامیابی کو اہداف کے حصول اور کارکردگی سے مشروط کیا جائے گا۔

وزیراعظم نے ٹی ڈی اے پی کے پرفارمنس اور مالیاتی آڈٹ کے لیے اچھی شہرت رکھنے والی نجی آڈٹ فرم کی خدمات حاصل کرنے کی بھی ہدایت کی، تاکہ ادارے کی کارکردگی، مالیاتی معاملات اور اصلاحاتی عمل کا غیر جانبدارانہ جائزہ لیا جا سکے۔

اجلاس میں اس عزم کا اظہار کیا گیا کہ ٹی ڈی اے پی کی تنظیمِ نو اور جدید ٹیکنالوجی کے استعمال کے ذریعے پاکستان کی برآمدات کو فروغ دیا جائے گا، مقامی صنعتوں کو عالمی معیار کے مطابق تیار کیا جائے گا اور چھوٹے و درمیانے درجے کے کاروبار کے لیے بین الاقوامی منڈیوں تک رسائی کے مواقع بڑھائے جائیں گے۔

اجلاس میں وفاقی وزراء رانا تنویر حسین، جام کمال خان، احد خان چیمہ، محمد اورنگزیب، عطاء اللہ تارڑ، شزہ فاطمہ خواجہ، ڈاکٹر مصدق ملک، وزیراعظم کے مشیر ہارون اختر، وزیر مملکت بلال اظہر کیانی اور متعلقہ اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔